11ویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ میں پاکستان کا خصوصی اسٹال، تجارتی، سرمایہ کاری مواقع کی نمائش

فوٹو: پی آئی ڈی 

ہانگ کانگ میں 11ویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کا آغاز ہوگیا، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ سمٹ میں مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام، وزرا، سفارتکار، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شریک ہیں۔ 

افتتاحی اجلاس سے ازبکستان کے وزیراعظم، یوراگوئے کی نائب صدر اور لاؤس کے نائب وزیراعظم نے خطاب کیا۔ مقررین نے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے مختلف ممالک کے وزرا اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سمٹ میں پاکستان نے خصوصی اسٹال بھی قائم کیا ہے، جہاں بین الاقوامی مندوبین اور کاروباری نمائندوں کے سامنے پاکستان کے تجارتی، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

جام کمال خان 10 ستمبر کو بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ سے خصوصی خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کے تجارتی وژن، علاقائی روابط اور بیلٹ اینڈ روڈ شراکت دار ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مزید مواقع پر روشنی ڈالیں گے۔

واضح رہے کہ 11واں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ 9 اور 10 ستمبر 2026 کو ہانگ کانگ میں منعقد ہو رہا ہے اور اس میں 70 سے زائد ممالک کے 6 ہزار سے زیادہ شرکا شریک ہیں۔