کیا آئین میں درج طریقۂ کار کو ریفرنڈم ختم کرسکتا ہے؟ پلوشہ خان

حکمران اتحاد میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر پلوشہ خان نے استفسار کیا ہے کہ کیا آئین میں درج طریقہ کار کو ریفرنڈم ختم کرسکتا ہے؟

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں سینیٹر پلوشہ خان، وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک اور پی ٹی آئی رہنما شفیع جان نے شرکت کی۔

پی پی پی کی خاتون سینیٹر نے مزید کہا کہ ریفرنڈم کی شہرت ملک میں کافی بری رہی ہے، بتایا جائے کہ کب سیاسی حکومتوں نے ریفرنڈم کرایا ہے؟

انہوں نے کہا کہ جب آئین میں طریقہ درج ہے تو کیا ریفرنڈم اس کو ختم کرسکتا ہے؟ پیپلز پارٹی کا پہلے دن سے موقف ہے کہ جہاں کے عوام جو چاہتے ہیں وہ کیا جائے۔

پلوشہ خان نے یہ بھی کہا کہ ہم نے تو سنا تھا کہ 17 ستمبر سے سینیٹ کا اجلاس متوقع تھا، معاملے پر بحث جہاں ہونی چاہیے اس کے سوا ہر جگہ ہو رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے تو پی ٹی آئی کے ساتھ وہ سلوک نہیں کیا جو ن لیگ نے لاہور میں کیا تھا۔