اسٹاک مارکیٹ مسلسل تیسرے دن منفی، آج 698 پوائنٹس کی کمی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مسلسل تیسرے روز 100 انڈیکس منفی بند ہوا ہے۔

شیئر بازار کا کاروباری حجم 20 مئی کے بعد کم ترین رہا، سرمایہ کاروں کی نظریں مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے بڑھی خام تیل کی قیمتوں اور 14 ستمبر کے مانیٹری پالیسی اجلاس پر رہیں۔

پی ایس ایکس میں 3 دن میں انڈیکس 3 ہزار 385 پوائنٹس گر چکا ہے۔ 100 انڈیکس آج 698 پوائنٹس کمی سے 1 لاکھ 71 ہزار 943 پر بند ہوا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت کا 100 ڈالر فی بیرل ہونا سرمایہ کاروں کی تشویش کا سبب ہے۔

خام تیل کی قیمتوں کا اضافہ مسلسل عوام کو منتقل کرنے سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، اس لیے 14 ستمبر پر توجہ رہی اور کاروباری حجم تقریبا 4 مہینوں کی کم ترین سطح پر رہا۔

حصص بازار میں آج 47 کروڑ شیئرز کے سودے 22 ارب روپے میں طے ہوئے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاروبار اختتام پر 62 ارب روپے کم ہوکر 19 ہزار 233 ارب روپے ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 395 ارب روپے کم ہوئی ہے۔