برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے نظام میں فنی خرابی کے باعث فضائی سفر شدید متاثر ہوا، تاہم تکنیکی خرابی کو حل کرلیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو ہونے والی فنی خرابی کے باعث ملکی و غیر ملکی 4 ہزار پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں سے1 ہزار 3 سو سے زائد پروازیں منسوخ اور 2700 تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ مسافر گھنٹوں طیاروں، رن ویز اور ایئر پورٹس کے ٹرمینلز میں پھنسے رہے۔
پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق اس تکنیکی مسئلے کے باعث ملک بھر میں فضائی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) نے بتایا کہ شام کے وقت ان کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں پیدا ہونے والا مسئلہ حل کر لیا گیا، تاہم اس کے اثرات برقرار ہیں اور برطانیہ کے 15 ہوائی اڈوں سمیت دیگر مقامات پر بھی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر لائنز اور ہوائی اڈے تاخیر کا شکار پروازوں کے بڑے بیک لاگ کو ختم کرنے میں مصروف رہے۔
واضح رہے کہ لندن کے ہیتھرو، اسٹینسٹیڈ اور سٹی ایئرپورٹس کے علاوہ مانچسٹر، برمنگھم، گیٹ وک۔ ایڈنبرا، لوٹن گلاسگو، اسکاٹ لینڈ سمیت دیگر 15 بڑے ایئرپورٹس کے ہوائی اڈوں نے تکنیکی خرابی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہونے کی شکایت کی تھی۔
ہیتھرو ایئرپورٹ پر آج بھی تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کا خدشہ ہے۔
ایک اندازے کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ کی 527 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 430 کو تاخیر کا سامنا ہے۔
لندن گیٹ وِک کی 260 پروازیں منسوخ اور 312 میں تاخیر ہوئی، لندن اسٹینسٹڈ کی 122 پروازیں منسوخ جبکہ 300 تاخیر کا شکار ہیں۔
مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ 150 سے 200 منٹ تک پہنچ گیا تھا۔
سسٹم میں خرابی کی وجہ سے درجنوں پروازوں کے رخ موڑے گئے، بیشتر پروازوں کو برسلز، ایمسٹرڈیم، پیرس، ڈسلڈورف اور یورپ کے مختلف ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔
رات گئے تکنیکی عملے اور انجینئرز خرابی کی وجہ تلاش کرکے سسٹم کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے تھے۔