ویوز کا جنون، نوجوان نے ڈیم میں چھلانگ لگا دی، دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں

— تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

بھارتی ریاست اتر پردیش میں سوشل میڈیا کے لیے چند سیکنڈ کی ریل بنانے کی خاطر ایک شخص نے ڈیم میں چھلانگ لگا دی۔

38 سالہ شخص کو جھانسی کے پہوج ڈیم میں پانی کی گہرائی کا درست اندازہ نہ ہوا جس کے باعث وہ چٹانوں پر جا گرا، جس سے اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔

اتوار کو پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

وائرل ویڈیو کے مطابق نوجوان اپنے دوستوں کے ہمراہ سنسنی خیز اسٹنٹ کر کے ریل ریکارڈ کرنے ڈیم پہنچا، وہ ویوِنگ پوائنٹ کی ریلنگ پھلانگ کر تقریباً 30 فٹ کی بلندی سے ڈیم میں کود گیا، تاہم چٹانوں پر گرنے باعث اس کی دونوں ٹانگوں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔

قریب موجود افراد نے نوجوان کو نجی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ اس کی دونوں ٹانگوں میں فریکچر ہوا ہے۔

ڈاکٹروں نے اس کی ایک ٹانگ میں دھات کی راڈ ڈال دی ہے، جبکہ دوسری ٹانگ کی سرجری ابھی ہونا باقی ہے۔