پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ میرا ہمیشہ یہی گول ہوتا ہے کہ بہتر سے بہترین کر سکوں۔
برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ کے مقابلے پر تیسرے ٹیسٹ سے ایک دن پہلے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بولے کہ مانتا ہوں، ٹیم کو مجھ سے بڑی امیدیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حقیقیت کو تسلیم کرتا ہوں، لہٰذا ہر مشکل اور کٹھن صورتحال میں بہتر پرفارمنس کی کوشش کرتا ہوں، مثبت سوچ کے ساتھ اچھا کھیلوں، ہمیشہ یہی ہدف رہتا ہے، لہٰذا ہر میچ کو بھول کر اگلے میچ پر فوکس کرتا ہوں، یہی میرا گول ہوتا ہے۔
31 سال کے دائیں ہاتھ کے بیٹر بابر اعظم جنہوں نے پاکستان کے لیے 65 ٹیسٹ کی 120 اننگز میں 43.00 کی اوسط سے 4688 رنز اسکور کیے ہیں، 19 ٹیسٹ کی 38 اننگز سے سنچری کے منتظر ہیں۔
البتہ برمنگھم کا ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ بطور بلے باز ان کے لیے ون ڈے کرکٹ میں ہمیشہ اچھا ہی رہا ہے۔ بابر اعظم نے یہاں 4 ون ڈے میں 2 سنچریاں بنائیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برمنگھم ون ڈے کرکٹ کے اعتبار سے یقیناً میرے لیے ایک اچھا میدان رہا ہے، جہاں میں دو بار سنچری اننگز کھیل چکا ہوں، ایک کامیاب گراؤنڈ رہا ہے۔ ممکن ہے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی یہاں کچھ اچھا ہوجائے۔
کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم بابر اعظم کہتے ہیں کہ آپ کوئی بھی میچ کھیلتے ہیں، آپ کو پرفارم کرنا پڑتا ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں رنز ہو رہے ہیں، تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں معاملہ قدرے مختلف ہے، کوشش کرتا ہوں، ہر بار رنز کروں، لیکن ایسا ہمیشہ آپ کر نہیں پاتے۔