سابق فاٹا، پاٹا کی اہل صنعتوں کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا

خیبر پختونخوا حکومت نے سابق فاٹا اور پاٹا کی اہل صنعتوں کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا۔

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے سابق فاٹا اور پاٹا سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں استثنیٰ کےلیے صنعتی یونٹ کا سابق فاٹا یا پاٹا میں قائم ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سیلز ٹیکس استثنیٰ کا نوٹیفکیشن یکم اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور 30 جون 2028 تک مؤثر رہے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صنعتی یونٹ کا ودہولڈنگ ایجنٹ کےطور پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے، ورچوئل یا ریموٹ ذرائع سے فراہم خدمات سیلز ٹیکس استثنیٰ میں شامل نہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شرائط پوری نہ ہونے یا غلط معلومات پرسیلز ٹیکس استثنیٰ واپس لیا جاسکے گا جبکہ نفاذ سے قبل جمع ٹیکس کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ کا دعویٰ نہیں کیا جاسکے گا۔