بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار و اداکار فرحان اختر نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’دل چاہتا ہے‘ کی شوٹنگ کے دوران اکشے کھنہ نے عامر خان کو 17 تھپڑ مارے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فرحان اختر نے واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جب ہم نے شوٹنگ مکمل کی تو مجھے یاد ہے کہ عامر خان کے چہرے پر تھپڑ کا واضح نشان پڑ گیا تھا۔
فلم دل چاہتا ہے کو ریلیز ہوئے 25 برس گزر چکے ہیں، تاہم دوستی، محبت اور رشتوں جیسے موضوعات کے باعث یہ فلم آج بھی مختلف نسلوں کے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائے ہوئے ہے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک گفتگو میں فلم دل چاہتا ہے کی کاسٹ اور فلم ساز دوبارہ ایک جگہ جمع ہوئے اور فلم سے جڑی اپنی یادیں شیئر کیں۔
اس موقع پر عامر خان نے انکشاف کیا کہ فلم کے ایک اہم منظر کی شوٹنگ کے دوران اکشے کھنہ نے مجھے 17 مرتبہ تھپڑ مارا تھا۔
ہدایت کار و اداکار فرحان اختر نے گفتگو میں شامل ہوتے ہوئے کہا کہ میں نے عامر سے کہا تھا کہ اکشے کھنہ واقعی تمہیں تھپڑ ماریں گے، جس پر عامر نے رضا مندی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اکشے سے کہا کہ عامر ڈائیلاگ کے اختتام پر تھپڑ کی توقع کر رہے ہیں، اس لیے جب وہ اپنا جملہ کہہ رہے ہوں تو اسی دوران عامر کو تھپڑ ماریں، اس طرح منظر میں اچانک پن کا عنصر پیدا ہو گا۔
فرحان نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران ایسا ہی ہوا، لیکن اس کے بعد عامر نے کہا کہ مجھے سین دوبارہ کرنا ہے، کیونکہ تھپڑ والا سین مجھے ایسی ذہنی کیفیت میں لے جا رہا ہے جو میری اداکاری میں مدد دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بار بار اصرار کرتے رہے کہ مجھے اور تھپڑ مارے جائیں۔
اس موقع پر عامر خان نے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہاں یہ کام کرتا ہے، جب آپ واقعی کسی کو تھپڑ مارتے ہیں تو اس کا اثر نظر آتا ہے۔
فرحان اختر نے واقعہ دوبارہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے شوٹنگ مکمل کی تو مجھے یاد ہے کہ عامر کے چہرے پر تھپڑ کا پورا نشان پڑ گیا تھا اور ان کا چہرہ ایک طرف سے سوج گیا تھا۔