سی سی ٹی وی نگرانی اور پوچھ گچھ سے تنگ بہو نے سسر کو قتل کروا دیا

—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر کانپور میں قتل کیے گئے 63 سالہ دوا ساز تاجر وینیت مینوچا کے قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وینیت مینوچا کی 36 سالہ بہو شالو نے مبینہ طور پر سسر کو قتل کروانے کے لیے سابق ملازم وشال کو 6 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔

وینیت مینوچا گزشتہ ہفتے کی رات اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے، مقتول کو چاقو کے 26 وار کر کے قتل کیا گیا، پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 30 سالہ وشال اور اس کے ساتھی راج کشور کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تفتیش کے دوران کرائے کے قاتل وشال نے اعتراف کیا کہ اس نے قتل شالو کے کہنے پر کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ سسر کی جانب سے گھر میں سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی، رات گئے تقریبات میں جانے پر اعتراض کرنے اور معمولی اخراجات کے لیے بھی رقم مانگنے سے ناراض تھی۔

تحقیقات کے مطابق 28 جولائی کو دیر سے گھر آنے پر شالو اور سسر میں تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ملزمہ نے سسر کے قتل کا منصوبہ بنایا، شالو نے فلیٹ کی اضافی چابی وشال کو دی اور اسے قتل کے لیے رقم دینے کا وعدہ بھی کیا۔

ہفتے کی رات شالو اپنے شوہر اور بچے کے ساتھ تقریب میں چلی گئی، موقع پاتے ہوئے وشال اور راج کشور فلیٹ میں داخل ہوئے، ابتدائی منصوبہ تکیے سے دم گھونٹ کر قتل کرنے کا تھا تاہم دونوں نے وینیت پر 26 چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شالو اور اس کا شوہر تقریباً 3 بجے واپس آئے اور وینیت کو خون میں لت پت پایا، فلیٹ سے کوئی قیمتی سامان چوری نہیں ہوا جس سے پولیس کو یقین ہوا کہ قتل ڈکیتی کے لیے نہیں بلکہ ذاتی رنجش کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمہ شالو کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس مقتول کے بیٹے کے کال ریکارڈز کی بھی جانچ کر رہی ہے۔