بھارت کا سب سے کامیاب ’اسٹار کڈ‘، 27 سال کی عمر میں ’2 ہزار کروڑ‘ کی فلم دی

بالی ووڈ میں ’اسٹار کڈز‘ (فلمی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں) پر اکثر تنقید ہوتی رہتی ہے، لیکن ہندوستانی سنیما کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو ’شو مین‘ راج کپور کو بھارت کا سب سے کامیاب اسٹار کڈ تسلیم کیا جاتا ہے۔

راج کپور نے محض 27 سال کی عمر میں فلم ’آوارہ‘ (1951) بنائی جس نے نا صرف ہندوستان بلکہ سوویت یونین (موجودہ روس و دیگر وسطی ایشیائی ریاستیں) اور چین سمیت دنیا بھر میں کامیابی کے نئے جھنڈے گاڑے۔

’آوارہ‘ کو بین الاقوامی سطح پر کینز فلم فیسٹیول میں زبردست پذیرائی اور نامزدگی ملی، جو اس دور میں کسی بھی بھارتی اداکار یا ہدایت کار کے لیے ایک تاریخی اعزاز تھا۔

اگر آج کے دور کے حساب سے دیکھا جائے تو راج کپور کی فلموں کے عالمی بزنس کا موازنہ 2,000 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی سے کیا جاتا ہے، جس کے قریب رنبیر کپور، سلمان خان یا الو ارجن جیسے موجودہ دور کے بڑے سپر اسٹارز بھی نہیں پہنچ سکے۔

اپنے والد پریتھوی راج کپور کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے راج کپور نے آر کے اسٹوڈیوز کے تحت ایسی فلمیں بنائیں جنہوں نے بھارتی سنیما کو دنیا بھر میں پہچان دی۔