اکشے کمار کے ملازم نے امیتابھ بچن پر پانی کیوں گرایا؟ اداکار نے دلچسپ واقعہ سنا دیا

—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ میرے گھر کے ایک ملازم نے اسٹار سے متاثر ہو کر غلطی سے پانی کے 4 گلاس ان کے کُرتے پر گرا دیے تھے۔

اکشے کمار نے یہ واقعہ کون بنے گا کروڑ پتی سیزن 18 میں سنایا، جہاں وہ اداکار سیف علی خان اور ہدایت کار پریا درشن کے ہمراہ اپنی فلم کی تشہیر کے لیے شریک ہوئے تھے۔

58 سالہ اداکار نے بتایا ہے کہ ماضی میں جب میں ممبئی کے علاقے لوکھنڈوالا میں رہتا تھا تو امیتابھ بچن میرے گھر آئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے گھر کام کرنے والا ایک ملازم امیتابھ بچن کا بہت بڑا مداح تھا اور وہ ان کے سامنے آ کر اس قدر گھبرا گیا کہ پانی کا گلاس پکڑتے ہوئے اسے کچھ دکھائی ہی نہیں دیا۔

اکشے کمار نے بتایا کہ پانی کے 3 یا 4 گلاس رکھے ہوئے تھے، لیکن ملازم نے گھبراہٹ میں تمام گلاس امیتابھ بچن کے کُرتے پر گرا دیے۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس وقت میں سوچنے لگا تھا کہ اب کیا ہو گا، واقعہ سن کر امیتابھ بچن سمیت شو میں موجود تمام افراد بے اختیار ہنس پڑے۔