امریکا پھر ایسی جنگ میں پھنس گیا جس کے نتائج واضح ہیں: امریکی رکنِ کانگریس

جیسن کرو—فائل فوٹو 

امریکی رکنِ کانگریس جیسن کرو نے ایران کے خلاف جنگ کو انتہائی قابلِ پیش گوئی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کی ایسی جنگ میں پھنس گیا جس کے نتائج پہلے ہی واضح ہیں۔

جیسن کرو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ​​کا امکان مکمل طور پر قابلِ پیش گوئی تھا، یہ وہ سب سے زیادہ متوقع صورتِ حال ہے جس کا ہم تصور کر سکتے تھے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور جنگ میں ملوث ہونا، اس کا ایک دلدل ثابت ہونا اور ہمارے مخالفین کا ہمیں اس میں مزید الجھانے کی کوشش کرنا، یہ صورتِ حال جنگ کے پہلے دن ہی اتنی واضح تھی جتنی آج ہے۔

امریکی رکنِ کانگریس کا کہنا ہے کہ امریکا کو مشرقِ وسطیٰ میں طویل جنگوں سے نکلنے کے لیے واضح راستے اور حکمتِ عملی پر غور کرنا چاہیے۔

کرو اس سے قبل بھی ایران جنگ کے حوالے سے امریکی حکمتِ عملی اور طویل مدتی تنازع کے خدشات پر تنقید کر چکے ہیں۔