تمام صوبوں میں اسکول سے باہر بچوں کا ڈیٹا تقریباً ایک جیسا ہی ہے، وزیر تعلیم سندھ

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے تمام ہی صوبوں میں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد تقریباً یکساں ہی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سردار شاہ نے کہا کہ سب صوبوں میں اسکول سے باہر بچوں کا ڈیٹا تقریباً ایک جیسا ہی ہے۔ پنجاب میں 1 کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں، سب کو سندھ نظر آتا ہے۔

سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے پہلے سندھ نے ٹیچنگ لائسنس ضروری قرار دیا گیا، صوبے میں شفاف طریقے سے ٹیسٹ پاس کرنے والے 97 ہزار اساتذہ ایک ہی وقت میں میرٹ پر بھرتی کیے گئے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ صوبے میں 20 ہزار تباہ شدہ اسکولوں میں سے 6 ہزار کو بہتر کرسکے ہیں، 14 ہزار اسکول اب بھی تباہ حال ہیں، جہاں موقع ملا ہے اسے بہتر کر رہے ہیں، آپ ہمیں سپورٹ نہیں کرتے تو کوئی بات نہیں، لیکن طنز نہ کریں۔