’پسوڑی‘ یوٹیوب پر پہلی 1 ارب ویوز حاصل کرنیوالی پاکستانی میوزک ویڈیو بن گئی

— فائل فوٹو

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے مقبول ترین گانے ’پسوڑی‘ نے یوٹیوب پر 1 ارب ویوز کا سنگِ میل عبور کر لیا۔

اس کے ساتھ ہی اس گانے کی ویڈیو 1 ارب مرتبہ دیکھی جانے والی پہلی پاکستانی میوزک ویڈیو بن گئی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کوک اسٹوڈیو کے آفیشل اکاونٹ نے اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے ہر اس شخص کا شکریہ ادا کیا جس نے اسے سُنا، ساتھ گایا اور اسے اپنا بنایا۔

علی سیٹھی اور شے گل کا یہ ڈوئٹ 7 فروری 2022ء کو ریلیز ہوا تھا، اس گانے کو 1 ارب ویوز کا ہندسہ عبور کرنے میں تقریباً 4 سال اور 7 ماہ لگے۔

گانے کی مسلسل مقبولیت کے پیشِ نظر یہ سنگِ میل حیران کن نہیں، کیونکہ ریلیز کے سال یہ اسپاٹے فائی پر سب سے زیادہ سنا جانے والا پاکستانی گانا تھا اور آج بھی یہ علی سیٹھی اور شے گل دونوں کا اس پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ اسٹریم کیا جانے والا گانا ہے، جسے تقریباً 40 کروڑ مرتبہ سنا جا چکا ہے۔

اس اعلان کے ساتھ کوک اسٹوڈیو نے ایک ریل بھی شیئر کی ہے، جس میں علی سیٹھی اور شے گل کے ہمراہ پروڈیوسرز ذوالفقار خان المعروف زلفی اور عبداللّٰہ صدیقی موجود ہیں۔

انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے جن کی بدولت یہ مقبول گانا اس سنگِ میل تک پہنچا۔