الفا براوو چارلی کے گل شیر کو آج بھی کس بات کا پچھتاوا ہے؟

اداکار و سابق فوجی افسر کرنل قاسم شاہ — اسکرین گریب

ماضی کے مقبول ڈرامہ سیریل الفا براوو چارلی کے معروف اداکار و سابق فوجی افسر کرنل قاسم شاہ نے کہا ہے کہ انہیں اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھ کر فون استعمال کرنے پر آج بھی پچھتاوا ہے۔

ریٹائرڈ کرنل قاسم شاہ پاکستان کے معروف فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں، انہیں پی ٹی وی کے مقبول ڈراموں سنہرے دن اور الفا براوو چارلی میں اداکاری کے بعد خاص شہرت ملی۔

الفا براوو چارلی میں انہوں نے فوجی افسر گل شیر کا کردار ادا کیا تھا، دونوں ڈراموں میں ان کی اداکاری اور اسکرین پر موجودگی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔

آج کل قاسم شاہ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں اور اکثر ٹی وی پروگرامز میں شرکت کر کے اپنی ذاتی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے والدین سے متعلق کچھ پچھتاووں کا ذکر کیا۔

اپنی والدہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے قاسم شاہ نے کہا کہ مجھے دو مواقع پر سب سے زیادہ افسوس ہوا، ایک مرتبہ میں اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا اور موبائل فون پر اسکرولنگ کر رہا تھا، وہ تقریباً 15 منٹ میرے پاس بیٹھ کر مجھ سے بات کرتی رہیں، لیکن میں ان کی باتوں پر کم توجہ دے رہا تھا اور موبائل فون میں زیادہ مصروف تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران میری والدہ نے کہا کہ آپ مجھ سے بات نہیں کرنا چاہتے، مجھے نہیں معلوم میرے کتنے دن باقی ہیں۔

قاسم شاہ کے مطابق میں نے جواب دیا کہ امی! آپ ہمیشہ جذباتی ہو جاتی ہیں، آپ کہیں نہیں جا رہیں، تاہم اس کے صرف 20 روز بعد والدہ کا انتقال ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک پچھتاوا بن گیا، اگر مجھے معلوم ہوتا کہ ایسا ہونے والا ہے تو میں اس لمحے کو بدل دیتا، خاندان، والدین اور بہن بھائیوں کے ساتھ مل بیٹھنے کے لمحات سے لطف اٹھائیں۔

قاسم شاہ نے ایک اور واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے پنو عاقل جا رہا تھا، روانگی کے وقت میری والدہ نے پوچھا کہ آپ کتنے دن کے لیے جا رہے ہیں؟ میں نے جواب دیا کہ 2 دن کے لیے، جس پر والدہ یوں حیران ہوئی جیسے یہ بہت طویل عرصہ ہو۔

قاسم شاہ کے مطابق بعد ازاں مجھے احساس ہوا کہ واقعی وہ وقت بہت طویل ثابت ہوا، کیونکہ جب میں واپس آیا تو والدہ انتقال کر چکی تھیں۔

اپنے والد سے متعلق پچھتاوے کا ذکر کرتے ہوئے قاسم شاہ نے بتایا کہ مجھے اس بات کا بھی افسوس ہے کہ والد کی شدید علالت کے دوران میں نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میری شادی کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا جب میرے والد نے مجھ سے کہا کہ میں انہیں اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسلام آباد لے جاؤں، جس پر میں نے والد سے سخت لہجے میں کہا کہ آپ میرے ساتھ اس روڈ ٹرپ پر نہیں جا سکتے۔

قاسم شاہ نے بتایا کہ میں نے بعد میں اپنے والد سے معذرت بھی کی اور انہیں بتایا کہ مجھے اپنے رویے پر فوراً پچھتاوا ہوا تھا، تاہم اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔