جاپان میں پاکستانی سفیر عبدالحمید کی آئی او بی ایم طلبہ سے ملاقات

—جنگ فوٹو

جاپان میں پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے پاکستانی سفارت خانے میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کراچی کے طلبہ کے وفد کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے بڑھتے ہوئے تعلقات، تعلیمی مواقع اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سفیر عبد الحمید نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جاپان کی ٹیکنالوجی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ ان بنیادی اقدار کو بھی سمجھیں جنہوں نے جاپان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ طرزِ عمل، جدت، باریک بینی اور معیار سے مستقل وابستگی کو جاپانی معاشرے اور کاروباری نظام کی نمایاں خصوصیات قرار دیا۔

سفیر نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی تربیت کے شعبوں میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ جاپانی علم، جدید ٹیکنالوجی اور کامیاب کاروباری طریقوں کو پاکستان کے جدت پر مبنی معاشی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بروئے کار لانے کے امکانات کا جائزہ لیں۔

عبد الحمید نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مستقبل کے تعلقات کی تشکیل میں نوجوانوں کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے، طلبہ، محققین، کاروباری افراد اور ٹیکنالوجی ماہرین دونوں ممالک کے درمیان نئے روابط اور پائیدار شراکت داری قائم کرنے میں بنیادی کردار ادا کریں گے۔