پاکستان کے معروف ریسلر انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انعام بٹ نے بینائی سے متعلق ایک دوا استعمال کی تھی، تاہم ایشین بیچ گیمز میں ڈوپ ٹیسٹ سے قبل اس دوا کے استعمال کے بارے میں آگاہ نہیں کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں مئی میں نوٹس جاری کیا گیا۔
انعام بٹ نے آنکھوں کے تمام ٹیسٹ، اسکین اور استعمال کی جانے والی ادویات کی مکمل فہرست متعلقہ حکام کو جمع کرائی۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ اور اسکین سمیت طبی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انعام بٹ کی بیماری کو تسلیم کر لیا گیا، جبکہ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (ITA) نے بعد میں ان کا دوبارہ ٹیسٹ بھی لیا اور کیس کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ٹی اے کو ادویات کی مکمل فہرست بھی فراہم کی گئی اور انعام بٹ کو ان ادویات کے استعمال کی اجازت بھی دے دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ دوا کی بہت کم مقدار سامنے آئی، جبکہ مذکورہ دوا قوت بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ علاج کے لیے استعمال کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق ڈوپ ٹیسٹ سے قبل دوا کے استعمال سے متعلق آگاہ نہ کرنے پر انعام بٹ کے خلاف کارروائی کا امکان موجود ہے، اس حوالے سے متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ انعام بٹ کی خط و کتابت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق انعام بٹ بی سیمپل ٹیسٹ کے لیے نہیں جائیں گے، تاہم ضرورت پڑنے پر معاملے کو کھیلوں کی ثالثی عدالت میں لے جایا جا سکتا ہے۔