جتنی مرضی رکاوٹیں ڈال لو، کراچی لازمی پہنچوں گا: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ راستے میں جنتی مرضی رکاوٹیں ڈال لو، کراچی لازمی پہنچوں گا۔

سہیل آفریدی نے ٹنڈو جام ٹول پلازا، عمر اور حیدرآباد میں کارکنوں سے خطاب کیا اور کہا کہ بلاول زرداری کےلیے میرا پیغام ہے کہ آپ مانیں جو ہو رہا ہے یہ آپکی حکومت کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر نہیں تو نام لیں کون کر رہا ہے۔ آپ جو کر رہے ہیں یہ سندھ کی روایت نہیں۔ میرا وعدہ ہے کراچی پہنچے بغیر سندھ چھوڑ کر نہیں جاؤں گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ سندھ کی روایت ہے کہ مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں، یہ راستے میں جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں لیکن کراچی لازمی پہنچوں گا۔

اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناصرف حیدرآباد بلکہ پورے ملک میں آپ کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ یہ نہ پہلے پاکستان سے مخلص تھے نہ آگے ہوں گے۔ ان لوگوں نے اپنے مفادات کو بالاتر رکھا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں مخصوص خاندانوں کی حکومتیں بنتی آرہی ہیں، میں ورکر ہوں، آپ کی طرح جلسوں میں کبھی پیدل، کبھی رکشوں میں سفر کرتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف عام آدمی کو موقع دیتی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ بنے، ان نوجوانوں نے پاکستان کا اقتدار سنبھالنا ہے۔