حال ہی میں سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم ’مرزا پور دی مووی‘ نے جہاں باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے، وہیں یہ فلم ایک بڑے قانونی اور اخلاقی تنازع کی زد میں آ گئی۔
راجستھانی فنکار ریپریا بالم نے انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مشہور گانا ’شورویر‘ ان کی اجازت اور کریڈٹ دیے بغیر فلم میں شامل کیا گیا ہے۔
آرٹسٹ کا کہنا تھا کہ یہ گانا جنگجو مہارانا پرتاپ کی قربانیوں کی یاد میں لکھا گیا تھا، لیکن فلم سازوں نے اسے جرائم پیشہ گینگسٹرز اور ولنز کو ہیرو بنا کر دکھانے کے لیے استعمال کیا، جو پورے راجستھان اور تاریخ کی توہین ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اور ’فولک میوزک آف راجستھان‘ نے فنکار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مین اسٹریم سنیما کو علاقاتی تاریخ کو مسخ کرنے اور آزاد فنکاروں کے حقوق غصب کرنے کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔
اس تنازع کے باوجود ایکسل انٹرٹینمنٹ کے تحت بننے والی اس فلم نے محض دو دنوں میں بھارت میں 50 کروڑ اور دنیا بھر میں 70 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کر لی۔