ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند، ٹریفک پولیس

فوٹو: ایکس 

کراچی میں مزار قائد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے جلسے کے معاملے پر نیو ایم اے جناح روڈ اور کوریڈور تھری ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو صدر دوا خانہ سے لکی اسٹار، جیل چورنگی سے کشمیر روڈ کی طرف بھیجا جارہا ہے۔

ایم اے جناح روڈ کی دونوں سڑکیں بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ گرومندر سے نمائش چورنگی جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ کیپری سنیما سے نمائش چورنگی جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے ان سڑکوں پر آنے والے ٹریفک کو متبادل سڑکوں پر بھیجا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شاہراہ قائدین پر 6 ستمبر کے جلسے کی تاحال اجازت نہیں مل سکی۔

ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کا کہنا ہے کہ مزار قائد کے اطراف کسی قسم کے جلسے، جلوس یا ریلی کی اجازت نہیں، اجازت نہ ملنے کے باوجود اجتماع کیا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کسی قسم کے جلسے اور جلوس کی اجازت نہیں ہوگی، اجازت نہ ملنے کے باوجود اجتماع کیا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر مزارِ قائد کے اطراف اضافی نفری تعینات کردی گئی۔