کرنل ریٹائرڈ قاسم شاہ کا جنید جمشید سے قریبی تعلق پر انکشاف

معروف سابق فوجی افسر اور اداکار کرنل (ر) قاسم شاہ نے گلوکار اور نعت خواں جنید جمشید کے ساتھ اپنی گہری دوستی اور ان کی اچانک وفات کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

کرنل (ر) قاسم شاہ نے ماضی کے معروف آئی ایس پی آر ڈراموں ’سنہرے دن‘ اور ’الفا براوو چارلی‘ میں اداکاری کے باعث شہرت حاصل کی، وہ ’سنہرے دن‘ میں کام کرنے کے وقت پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کے کیڈٹ تھے، جبکہ بعد ازاں انہوں نے پاک فوج میں 25 سال سے زائد عرصہ خدمات انجام دیں اور چند برس قبل کرنل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔

حال ہی میں قاسم شاہ نے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے جنید جمشید کے ساتھ اپنی دوستی اور ان کی وفات کے بعد اپنے جذبات کے بارے میں گفتگو کی۔

جنید جمشید سے تعلق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قاسم شاہ نے کہا کہ جنید جمشید کی شہادت کا واقعہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا، مجھے جنید جمشید کی وفات کی خبر پر یقین ہی نہیں آیا اور میں سوچتا رہا کہ یہ کیسے ہوگیا۔

قاسم شاہ نے بتایا کہ میں جنید جمشید سے مسلسل رابطے میں رہتا تھا اور دونوں کے درمیان گہری دوستی تھی، ہم ایک دوسرے سے فون پر بات کرتے اور اکثر ملاقات بھی کرتے تھے، جنید جمشید خود مجھے فون کرتے اور ملاقات کے لیے آتے تھے۔

سابق فوجی افسر نے مزید بتایا کہ ہم دونوں نے مل کر ایک برانڈ شروع کرنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا، تاہم بدقسمتی سے یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کرسکا۔

قاسم شاہ کے مطابق جنید جمشید کے ساتھ میری دوستی سے لوگ واقف تھے، اسی لیے ان کی وفات پر کئی افراد مجھ سے تعزیت کرنے بھی آئے۔