محسن گیلانی کا اسما عباس سے خاص دوستی کا انکشاف

—فائل فوٹوز

پاکستان کے سینئر اور معروف اداکار سید محسن گیلانی نے اداکارہ اسما عباس کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور شوبز کیریئر کے ابتدائی دنوں سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔

محسن گیلانی نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ اسما عباس سے میری دوستی شادی سے بھی پہلے کی ہے، جب میں تھیٹر میں بطور ڈائریکٹر کام کرتا تھا اور اسما عباس ڈراموں میں اداکاری کرتی تھیں۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محسن گیلانی نے کہا کہ اسما عباس میری بہت قریبی دوست ہیں اور میں انہیں طویل عرصے سے جانتا ہوں، شادی کے بعد اسما عباس نے کچھ عرصے کے لیے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، تاہم جب انہوں نے دوبارہ اداکاری کا آغاز کیا تو میں نے انہیں ڈرامہ سیریز ’چنری‘ میں کاسٹ کیا۔

سینئر اداکار نے بتایا کہ اس وقت میں نے اسما عباس کو ایک مشورہ دیا تھا جو شاید انہیں آج بھی یاد ہو، میں نے اسما عباس سے کہا تھا کہ وہ اداکاری کے دوران بشریٰ انصاری کی نقل کرنے کے بجائے اپنی الگ شناخت بنائیں اور اسما عباس بن کر اداکاری کریں۔

محسن گیلانی نے کہا کہ اسما عباس کو میرا یہ مشورہ پسند نہیں آیا تھا اور انہوں نے اس حوالے سے اپنی ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ آج اسما عباس نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کرلی ہے اور وہ ایک کامیاب اداکارہ کے طور پر جانی جاتی ہیں۔

محسن گیلانی نے بشریٰ انصاری کی صلاحیتوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے اسما عباس اور بشریٰ انصاری میں سے کسی ایک کے کام کا انتخاب کرنا ہو تو میں بلاجھجک بشریٰ انصاری کے کام کو ترجیح دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ’اسٹوڈیو 2.5‘، ’لوز ٹاک‘ اور دیگر پروگرامز میں بشریٰ انصاری نے جس معیار کا کام کیا، اس کا کوئی مقابلہ نہیں۔