اویس لغاری کی ہدایت پر 11 ہزار 695 زیرِ التواء نیٹ میٹرنگ درخواستیں حل

وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری کی ہدایت پر 11 ہزار 695 زیرِ التواء نیٹ میٹرنگ درخواستیں حل کرنے کے بعد متعلقہ صارفین سے رابطے شروع کر دیے گئے ہیں۔

نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیرِ التواء تھیں۔

اعلامیے کے مطابق پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (PITC) 11 ہزار 695 صارفین سے میسج اور ڈیجیٹل ذرائع سے رابطہ کیا جا رہا ہے، براہِ راست رابطے کا مقصد صارفین کو غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے اور حکومت جائز نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاملات شفاف طریقے سےحل کر رہی ہے۔

صارفین اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کی حیثیت آن لائن پورٹل پر بھی چیک کر سکتے ہیں جبکہ 4 ہزار 959 نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی قواعد و ضوابط کے مطابق تصدیق و توثیق جاری ہے اور تصدیق کا مقصد جائز صارفین کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام ہے۔

وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت سولر انرجی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ شفاف اور پائیدار نظام کی حامی ہے۔

اویس لغاری نے یہ بھی کہا ہے کہ ہر صارف کو اس کی درخواست سے متعلق واضح معلومات فراہم کی جائیں، صارفین کو قواعد و ضوابط کے مطابق ان کا حق ضرور ملنا چاہیے اور نیٹ میٹرنگ صارفین کے جائز معاملات کو شفاف اور براہِ راست طریقے سے حل کیا جائے۔