قرض کی عدم ادائیگی پر خاتون کو برہنہ کر کے تشدد اور ویڈیو بنانیوالے 4 ملزمان گرفتار

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر بنگلورو میں قرض اور سود کی عدم ادائیگی پر ایک خاتون کو مبینہ طور پر برہنہ کر کے تشدد کرنے، ویڈیو بنانے اور اسے آن لائن پھیلانے کی دھمکی دینے کے الزام میں 2 خواتین سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون نے 2 سال قبل ایک خاتون سے 1 لاکھ روپے اور دوسری سے 50 ہزار روپے قرض لیا تھا۔ 

مالی مشکلات کے باعث متاثرہ خاتون ادائیگی نہ کر سکی جس پر اسے مبینہ طور پر بہانے سے بلا کر زبردستی رکشے میں بٹھایا گیا اور ایک خالی مکان میں لے جا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون کی والدہ کی گمشدگی کی شکایت پر پولیس نے اسے بازیاب کروا کر دو خواتین سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔