نجی اسپتال میں پیدائش کے دوران نومولود گلے پر تیز دھار آلہ پھرنے سے جاں بحق

— فائل فوٹو

کراچی کے علاقے محمود آباد میں نجی اسپتال میں ڈیلیوری کے دوران نومولود گلے پر زخم آنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔

ورثاء کے مطابق ڈیلیوری کے دوران گلے پر تیز دھار آلہ پھرنے کے باعث بچہ جاں بحق ہوا۔

نومولود کے تایا اشرف کے مطابق چھوٹے بھائی امین کے گھر بچے کی پیدائش تھی، امین بس ڈرائیور ہے اور 5 بچوں کا باپ ہے، ہم غریب لوگ ہیں کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بچے کا پوسٹ مارٹم بھی نہیں کروانا چاہتے، اسپتال کے عملے نے ڈیلیوری کے آدھے گھنٹے بعد بتایا کہ بچہ مردہ پیدا ہوا ہے، بعد میں دیکھا تو بچے کی گردن پر تیز دھار آلے کا نشان تھا اور گلے سے خون بہہ رہا تھا۔

تایا نے کہا کہ ہم بچے کی لاش گھر لے کر جا رہے ہیں، مزید تکلیف نہیں دینا چاہتے لیکن ایسے اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔