بھارتی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے کہا ہے کہ مجھے کامیڈین سمے رائنا کی جانب سے شو کے دوران کیے گئے مذاق کا ذاتی طور پر برا نہیں لگا اور مجھے ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں شرکت پر کوئی پچھتاوا نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر صارفین کے متنازع تبصروں کے بعد ارچنا سنگھ اور ان کے بیٹے آریامن نے ناظرین سے اپیل کی ہے کہ سمے رائنا کے شو میں کیے گئے مذاق کو سنجیدگی سے نہ لیا جائے۔
ارچنا پورن سنگھ نے کہا ہے کہ میں شو میں شرکت سے پہلے ہی جانتی تھی کہ سمے رائنا کا شو کس نوعیت کا پروگرام ہے اور وہاں صرف تفریح اور ہنسی مذاق کے لیے گئی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر سمے کی نیت توہین کرنا ہوتی تو بات مختلف تھی لیکن سمے کا مقصد صرف ناظرین کو ہنسانا تھا، اس لیے مجھے کچھ بھی برا نہیں لگا اور نہ ہی میں ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں شرکت پر پچھتا رہی ہوں۔
انہوں نے ناظرین سے یہ بھی کہا ہے کہ جو لوگ میرے خاندان کے لیے برا محسوس کر رہے ہیں، وہ ایسا نہ کریں، اتنا نہ سوچیں اور مذاق کو سنجیدہ نہ لیں۔
یاد رہے کہ ارچنا سنگھ کے ردِ عمل سے قبل اداکارہ کے بیٹے آریامن نے کہا تھا کہ سمے کے شو کے دوران ہونے والا مکالمہ صرف مذاق تھا اور سمے کا مقصد مجھے یا میرے خاندان کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔
واضح رہے کہ شو کے دوران سمے رائنا نے ارچنا کے بیٹوں کو ’بے روزگار‘ قرار دیتے ہوئے اداکارہ کے شوہر پرمیت کے بارے میں بھی طنزیہ جملے کسے تھے۔
سمے رائنا نے ’دی کپل شرما شو‘ میں ارچنا کے مسلسل ہنسنے کے حوالے سے بھی طنزیہ مذاق کیا تھا۔