پیپلز پارٹی کی شکایات کشمیر الیکشن، ججز تعیناتی اور دیگر ایشوز سے متعلق ہیں: نوید قمر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نوید قمر کا کہنا ہے کہ ہماری شکایات کشمیر الیکشن، ججز تعیناتی اور دیگر ایشوزسے متعلق ہیں، حکومت کی طرف سے شکایات پر پیش رفت نہیں ہوئی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ حکومت کے مکمل اتحادی نہیں انہیں سپورٹ کرتے ہیں، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ہم سپوٹ کرتے رہیں تو ہماری شکایات کا ازالہ کریں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ پارٹی کا فیصلہ ہے جب تک پیش رفت نہیں ہوتی حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے ایک ہاتھ سے نہیں، ایک جماعت کو تحفظات ہوں اور جب تک وہ دور نہ ہوں مسئلہ تو رہتا ہے۔

نوید قمر نے کہا کہ گزشتہ روز داخلہ کمیٹی میں ایک بل بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی، اسلام آباد بلدیاتی بل کی ویسے بھی حمایت نہیں کرنی چاہیے، ہم نے اسلام آباد بلدیاتی بل پر اختلافی نوٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ مسائل کو حل کریں اور اقدامات کریں، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ملک میں موجود نہیں ہیں، نہیں معلوم وہ کہاں متحرک ہیں۔