سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 12دہشتگرد ہلاک

قلات میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے 12دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پناہ گاہ کی نشاندہی، نگرانی اور بر وقت کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے برآمد ہونے والا اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی موقع پر تباہ کر دیے گئے۔

علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔