برطانوی ملکہ کمیلا کی فرانسیسی صدر میکرون اور انکی اہلیہ سے خوشگوار ملاقات توجہ کا مرکز

—تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

برطانوی ملکہ کمیلا، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجٹ میکرون کے درمیان ایک مختصر مگر شائستہ انداز میں ہوئی ملاقات نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔

برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ بریجٹ میکرون نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا کے ہمراہ برٹش میوزیم کا دورہ کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میوزیم پہنچنے پر صدر میکرون نے ملکہ کمیلا کی کمر پر انتہائی شائستگی سے ہاتھ رکھا، دونوں شاہی اور صدارتی جوڑے تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے، جہاں بایو ٹیپسٹری کی رونمائی کی گئی۔

یہ موقع برطانیہ اور فرانس کے درمیان مشترکہ تاریخ کے ایک غیر معمولی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا، تقریباً 70 میٹر طویل قرونِ وسطیٰ کی شاہکار بایو ٹیپسٹری تقریباً ایک ہزار سال بعد پہلی مرتبہ برطانیہ لائی گئی ہے۔

تقریب کے دوران ملکہ کمیلا اپنے انداز اور لباس کے باعث بھی خاص توجہ کا مرکز رہیں، جبکہ میکرون اور ان کی اہلیہ کے برطانیہ پہنچنے کے موقع پر ان کے استقبال کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہیں۔

بادشاہ چارلس اور صدر میکرون سرکاری بینٹلی میں ایک ساتھ میوزیم پہنچے، جبکہ ملکہ کمیلا اور بریجٹ میکرون ایک الگ گاڑی میں وہاں پہنچیں۔

بعد ازاں دونوں جوڑے میوزیم میں داخل ہوتے دکھائی دیے، جہاں ایمانوئل اور بریجٹ میکرون بادشاہ اور ملکہ کے پیچھے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے چل رہے تھے۔

میوزیم کے اندر بادشاہ چارلس نے بایو ٹیپسٹری کے ذریعے برطانیہ اور فرانس کے درمیان صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ پر روشنی ڈالی۔

بادشاہ نے انگریزی اور فرانسیسی دونوں زبانوں میں خطاب کرتے ہوئے اس داستان کو ’بلند عزائم اور غیر یقینی‘ سے بھرپور قرار دیا اور اس میں دکھائے گئے سفر، بادشاہوں، مشاورت اور ان کے نتیجے میں سامنے آنے والے واقعات کا ذکر کیا۔