وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ پمز کے ذمہ داروں کیخلاف اگلے 2 سے 3 دن میں مقدمات درج ہونا شروع ہوں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 لوگوں کو معطل کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی اگلے دو دن میں اپنی حتمی رپورٹ جمع کروائے گی۔ رپورٹ میں ان 8 افراد کا تعین ہوگا کہ کس کی کتنی غلطی یا غفلت ہے۔ اس کے بعد انفرادی طور پر ان 8 افراد کےخلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس بھی اپنی تفتیش کر رہی ہے، جلد معلومات سامنے آجائیں گی۔ ہمارا لاء ڈپارٹمنٹ بھی اس پر کام کر رہا ہے۔ 2 سے3 دن میں پولیس فوجداری قوانین کے تحت پرچے درج کرنا شروع کردیے جائیں گے۔