اسرائیلی وزیرِ خارجہ کی دھمکی

اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیدون سار—فائل فوٹو

اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیدون سار نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر لندن نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری میں توسیع کے خلاف اسرائیل پر پابندیاں عائد کیں تو اسرائیل بھی برطانیہ کے خلاف کارروائی کرے گا۔

اسرائیلی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گیدون سار نے کہا کہ اگر برطانیہ نے اسرائیل کے خلاف اقدامات کیے تو اسرائیل بھی برطانیہ کے خلاف کارروائی کرے گا۔

 ان کا کہنا ہے کہ وہ وقت گزر چکا جب اسرائیل مخالفانہ اقدامات پر خاموش رہتا تھا۔

اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے ممکنہ پابندیاں بڑی غلطی ہوں گی اور اسرائیل ان پابندیوں کا جواب ضرور دے گا۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ برطانوی حکومت کے اقدامات ملکی سیاست اور انتخابی مہم سے متاثر ہیں۔

دوسری جانب برطانوی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری، خصوصاً مشرقی بیت المقدس کے قریب متنازع  آبادکاری منصوبے کے خلاف اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے۔

 برطانوی وزیرِ خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے اسرائیلی آبادکاری کے معاملے پر آئندہ ہفتوں میں جامع اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔