ایس ایچ او کے کوارٹر سے زیرحراست ملزمان فرار، افسر کیخلاف کارروائی

پشاور کے تھانا بڈھ بیر کے ایس ایچ او کے کوارٹر سے زیرحراست ملزمان کے فرار ہونے کے واقعے پر ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے انہیں لائن حاضر کردیا گیا۔ 

پولیس کے مطابق گزشتہ روز زیرحراست ملزمان نے ہتھکڑیاں کھول کر، پولیس سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کی تھی۔ زیرحراست ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ملزمان فرار ہوگئے تھے۔ 

مبینہ طور پر حراست سے فرار ہونے والے ملزم عمیر خان کے والدین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے بیٹےکو 22 روز قبل گھر سے پولیس تفتیش کیلئے لے کر گئی تھی۔

والدین کا کہنا ہے کہ بیٹے کے بارے میں ہمیں کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔ اب پولیس کہہ رہی ہے کہ ہمارا بیٹا پولیس اہلکاروں کو زخمی کرکے فرار ہوگیا۔ ہمارا بیٹا پولیس اہلکاروں کو کیسے زخمی کرکے فرار ہوا؟ 

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پولیس ہمارے بیٹے کو مبینہ مقابلے میں قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

والدین نے اپیل کی کہ سی سی پی او واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ہمارے بیٹے کو تحفظ فراہم کریں۔