ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا مختلف ممالک میں شادی کی تقریبات پر حملوں کے اپنے سیاہ ریکارڈ کے بارے میں دنیا کو جواب دے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس کا کہنا ہے کہ امریکا ایران، عراق، افغانستان میں عوامی تقریبات پر کیے گئے ماضی کے حملوں کی طرح اس بار بھی اپنا جرم قبول کرنے کے بجائے جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے تو فوجی طاقت سے سیرک میں شادی کی تقریب پر امریکی حملے کا بدلہ لے لیا لیکن اگر اب بھی امریکی عوام نے بچوں کی قاتل فوج کو روکنے کے اقدامات نہیں کیے تو انہیں اس دن سے ڈرنا چاہیے جب مظلوم اپنا انتقام خود لیں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمانپور نے بتایا ہے کہ ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے نتیجے میں 18 افراد شہید اور 142 زخمی ہوئے ہیں۔
حسین کرمانپور نے بتایا کہ امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 1 بچہ بھی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 61 خواتین اور 44 کم عمر افراد شامل ہیں، جن کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔