ضلع کچہری لاہور نے مسلم لیگ ن کے رہنما عظمیٰ بخاری کی جعلی وائرل ویڈیو کے مقدمے کی سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے شریک ملزم شہاب الدین پر فردِ جرم عائد کر دی۔
تحریری حکم کے مطابق صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے کہا کہ ملزمہ فلک جاوید کمرۂ عدالت میں موجود ہونی چاہیے۔
فلک جاوید کے وکیل علی اشفاق نے ملزمہ کو عدالت میں پیش نہ کرنے کا اعتراض اٹھایا۔
عدالت نے کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری نے بیان ریکارڈ کرانے کے بعد استدعا کی فوری جرح کی جائے، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبائی وزیر ہونے کے باعث ان کی ذمے داریاں ہوتی ہیں، ملزمان کیس لمبا کرنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کر سکتے ہیں۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے وکلاء نے استدعا کی کہ وہ پہلی بار التواء مانگ رہے ہیں، دورانِ سماعت فریقین اور وکلاء کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، تمام فریقین کو یہ ہدایت کی جاتی ہے کہ عدالت کا تقدس برقرار رکھیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ اوپن کورٹ تک رسائی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ عدالتی کارروائی میں خلل ڈالا جائے، آئندہ کسی فریق نے ایسی حرکت کی تو عدالت پابندی عائد کرے گی، 12 ستمبر کو فریقین جرح کے لیے عدالت پیش ہوں۔