مسافر طیارہ اڑانے کے 4 منٹ بعد پائلٹ کی طبیعت بگڑ گئی

— تصویر بشکریہ امریکی میڈیا

امریکا میں مسافر طیارہ اڑانے کے 4 منٹ بعد ہی اس کے پائلٹ کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد طیارے کو واپس اتارنا پڑ گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز ٹیک آف کے چند ہی منٹوں بعد پائلٹ کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر واپس ایئر پورٹ پر اتار لی گئی۔

ایئر لائن کے مطابق پرواز 1208 اورلینڈو، فلوریڈا کے لیے روانہ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کو پیش آنے والے طبی مسئلے کی وجہ سے منیاپولس-سینٹ پال انٹرنیشنل ایئر پورٹ واپس آ گئی۔

ایئر لائن کا بیان میں کہنا ہے کہ پائلٹ، عملے اور مسافروں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

ترجمان کے مطابق 31 اگست کو جس فلائٹ میں یہ صورتِ حال پیش آئی اس میں 178 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس فلائٹ کے پائلٹ کو پیش آنے والے طبی مسائل کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق جہاز لینڈ کرنے کے بعد عملے کے نئے ارکان کے ساتھ فلائٹ کو دوبارہ روانہ کر دیا گیا۔