ملک میں بہت تجربے ہوئے، پاکستانی سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے، سعدیہ جاوید

سندھ حکومت کی ترجمان اور صوبائی اسمبلی کی رکن سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ اس ملک میں بہت تجربے ہوئے، پاکستانی سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے ہیں۔

سندھ اسمبلی اجلاس سے خطاب میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ 1947میں سندھ والوں نے اپنےدروازے کھول دیے تھے، میں سندھ کے عوام کی شکر گزارا ہوں، سندھ کو بمبئی ریزیڈینسی سے الگ کرنے کےلیے جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ 1955 میں ون یونٹ کی بنیاد رکھی گئی، 70 میں صوبے بحال کردیے گئے، اسمبلیاں موجود ہیں ٹی وی کے ٹاک شوز، کانفرنسز میں بحث نہیں ہو سکتی۔

سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ اس ملک میں بہت تجربے ہوئے ، پاکستانی سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے ہیں۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سے درخواست ہے سندھ کی تقسیم سے متعلق یہ آخری قرارداد ہونی چاہیے، صوبے یا ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے نام پر تقسیم نہیں ہوگی۔

دوسری طرف سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی کو چند لوگوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا مسئلہ بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کے نام پر لوگوں کو پریشان کیا جارہا ہے، انہیں دھرنا دینا ہے تو اسلام آباد میں جاکر دیں۔