سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

میر رضا علی کیس میں عدالت کی جانب سے جے آئی ٹی کی درخواست نمٹانے کے معاملے پر میر رضا کے والدین کے وکیل جبران ناصر نے بیان میں کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  

وکیل جبران ناصر نے کہا ہے کہ عدالت سے میر رضا قتل کی تفتیش خود کرنے کی استدعا نہیں کی تھی، عدالت سے صرف تفتیشی کوتاہیوں اور ناکامیوں کے جائزے کی استدعا کی گئی۔ 

انھوں نے کہا کہ دستاویزی شواہد سے ثابت تفتیشی ناکامیوں کو متنازع حقائق قرار نہیں دیا جاسکتا، تفتیش کی نگرانی اور تفتیشی عمل کے متاثر ہونے کا عدالتی جائزہ دو مختلف امور ہیں۔ 

جبران ناصر نے کہا کہ تفتیش متاثر، ناقص یا مشکوک ہوچکی ہو تو آئینی عدالت جائزہ لے سکتی ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ سلطان علی کیس کے حقائق مختلف ہونے کا مؤقف قانونی اصول کا جواب نہیں، تفتیشی ناکامیوں کا جائزہ لینے سے گریز کیا گیا۔ 

جبران ناصر نے کہا کہ آج ضائع یا متاثر ہونے والے شواہد کل دوبارہ حاصل نہیں ہو سکیں گے، آئینی داد رسی صرف دستیاب ہونا کافی نہیں، مؤثر اور بروقت ہونا ضروری ہے۔