ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے تصدیق کی ہے کہ مغربی صوبے کرمانشاہ میں رات گئے ہونے والے امریکی حملے میں 4 فوجی اہلکار شہید ہو گئے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کرمانشاہ صوبے میں پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے 4 اہلکار امریکی حملے میں شہید ہوئے ہیں۔
ایرانی حکام نے اس سے قبل بتایا تھا کہ جنوبی ایران میں ایک شادی کی تقریب پر امریکی حملے میں کم از کم 5 شہری بھی شہید ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت، بحرین، اردن اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب فورس کا کہنا ہے کہ اردن کے کیمپ تیتن میں امریکی بحریہ کے اڈے کو نشانہ بنایا ہے، کیمپ تیتن پر بیلسٹک میزائلوں کے حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کیمپ تیتن حملے میں کئی امریکی ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوئے جبکہ اردن میں پرنس حسن ایئر بیس میں کھڑے امریکی ڈرونز کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ پرنس حسن ایئر بیس پر امریکی پائلٹ اور تکنیکی عملہ ہلاک ہوا ہے۔