میئر لندن صادق خان پر بغیر ٹیکس گاڑی رکھنے کے مقدمے میں جرمانہ

میئر لندن صادق خان—فائل فوٹو

لندن کے میئر صادق خان پر بغیر ٹیکس گاڑی رکھنے کے مقدمے میں جرمانہ کر دیا گیا۔

ڈی وی ایل اے نے صادق خان کے خلاف 24 سال پرانی نسان مائیکرا کا ٹیکس نہ دینے پر مقدمہ دائر کیا تھا، جس پر مجسٹریٹ نے صادق خان کو ان کی غیر موجودگی میں قصور وار قرار دیا۔

لارڈ صادق خان کو 220 پاؤنڈ جرمانہ اور 85 پاؤنڈ عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

صادق خان کو گاڑی کے واجب الادا ٹیکس کی مد میں 35.84 پاؤنڈ بھی دینا ہوں گے۔

دوسری جانب سٹی ہال حکام کے مطابق متنازع گاڑی نہ صادق خان اور نہ ہی ٹرانسپورٹ فار لندن کی ملکیت ہے۔

ڈی وی ایل اے نے مقدمے اور سزا کے حالات کا ازسرِ نو جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈی وی ایل اے نے ممکنہ غلط اندراج کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

عدالتی دستاویز کے مطابق خطوط صادق خان کے دفتر کے بجائے گورڈن ریمزے کے ریسٹورنٹ بھیجے گئے۔

صادق خان کو جرمانے کی سزا متنازع سنگل جسٹس پروسیجر کے تحت سنائی گئی، سنگل جسٹس پروسیجر میں مجسٹریٹ بند کمرے میں چھوٹے مقدمات کی سماعت کرتا ہے۔