پاکستان کے معروف کرکٹر شعیب ملک طویل عرصے سے کرکٹ کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی کے باعث بھی خبروں میں رہتے ہیں۔
ان کے سابقہ تعلقات سے لے کر بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی، طلاق اور پھر دوسری شادی تک ان کی نجی زندگی ہمیشہ میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔
شعیب ملک نے اس وقت سب کو حیران کر دیا تھا جب انہوں نے اچانک اداکارہ ثناء جاوید سے دوسری شادی کی تھی، ابتداء میں مداحوں کے لیے بھی اس خبر پر یقین کرنا مشکل تھا، تاہم بعد ازاں ان کی ذاتی زندگی سے متعلق مزید افواہیں بھی سامنے آتی رہیں۔
حال ہی میں شعیب ملک نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نکاح سے متعلق مسلسل گردش کرنے والی افواہوں پر دلچسپ انداز میں ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
معروف کرکٹر نے کہا ہے کہ میں اکثر اپنے نکاح سے متعلق افواہیں سنتا رہتا ہوں۔
انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میرے نکاح سے متعلق اتنی زیادہ افواہیں کیسے پھیل جاتی ہیں، کیونکہ خبروں میں بار بار شادی کرتا دکھائی دیتا ہوں۔
شعیب ملک نے مزاحیہ انداز میں کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ میرے بارے میں یہ افواہ بھی پھیلائی جائے کہ میں ایک ’جینٹل مین‘ ہوں، لیکن ہر وقت چلنے والی شادی کی افواہوں کے درمیان ایسا ممکن نہیں ہو پاتا۔