وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے برادرانہ تعلقات کو مزید دوسعت دینا چاہتے ہیں، تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔
بشکیک میں کرغزستان کے صدر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ شاندار میزبانی پر صدر کرغزستان کا شکر گزار ہوں، جمہوریہ کرغز کے یوم آزادی پر کرغزستان کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے جمہوریہ کرغز کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر جمہوریہ کرغز کی قیادت تحسین کی مستحق ہے، پاکستان کرغزستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزیدوسعت دینا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے، دوطرفہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئند ہے، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی،ثقافت میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے، پاکستان اور کرغزستان نجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کی وسعت میں مدد دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ کرغز کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے، لاہور اور کرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قرار دینے سے ثقافتی روابط بڑھیں گے، دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اتفاق رائے طے پایا ہے۔
بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف کی صدارتی محل آمد، گارڈ آف آنر پیش
وزیرِاعظم شہباز شریف کے اعزاز میں کرغزستان کے صدارتی محل میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔
صدارتی محل پہنچنے پر کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو صدارتی محل آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔
دونوں رہنماؤں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، وزیرِ اعظم کو کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
کرغز صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اپنے وفد کے ارکان سے تعارف کرایا، وزیرِ اعظم نے بھی کرغز صدر سے پاکستانی وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔