بالی ووڈ کے معروف اور ورسٹائل اداکار ارشد وارثی نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ جیا بچن نے میری اہلیہ ماریہ گورٹی کو مجھ سے شادی کرنے سے قبل ایک اداکار سے شادی کی مشکلات سے آگاہ کیا تھا۔
فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں ’سرکٹ‘ کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والے ارشد وارثی نے حالیہ انٹرویو میں اپنی اور ماریہ گورٹی کی شادی کے حوالے سے گفتگو کی اور بتایا کہ شادی سے قبل جیا بچن نے ماریہ کو خاص نصیحت کی تھی۔
فلمی گیان سے گفتگو میں ارشد وارثی نے جیا بچن کی نصیحت یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جیا جی نے ماریہ سے کہا تھا کہ کسی اداکار سے شادی کرنا زندگی کے مشکل ترین کاموں میں سے ایک ہے۔
ارشد کے مطابق جیا بچن نے اہلیہ کو بتایا کہ اداکار کا پیشہ ایسا ہے جس میں اسے اکثر ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو عام لوگوں کی زندگی کا حصہ نہیں ہوتے، اداکار کو اپنے کام کے دوران دلچسپ اور خوبصورت لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پڑتا ہے۔
ارشد نے بتایا کہ جیا بچن نے ماریہ سے یہ بھی پوچھا تھا کہ کیا وہ واقعی ایک اداکار سے شادی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اداکار کے مطابق جیا جی کا کہنا تھا کہ اداکار کا کام اسے ایسے کام کرنے اور ایسے لوگوں کے درمیان رہنے پر مجبور کرتا ہے جو ایک عام جوڑے کے لیے معمول کی بات نہیں، اس لیے شریکِ حیات کو ان حالات سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی سمجھ بوجھ اور اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے، شریکِ حیات کی محبت عام لوگوں کی محبت اور توجہ سے بڑھ کر ہونی چاہیے تاکہ وہ ایسے حالات کے باوجود ایک دوسرے کا ساتھ دے سکیں۔
ارشد وارثی اور ماریہ گورٹی نے تقریباً 8 سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد شادی کا فیصلہ کیا تھا، دونوں نے 14 فروری 1999ء کو چرچ میں شادی کی تھی، جس کے بعد ان کا نکاح بھی ہوا تھا۔