اگست کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کا منفی رجحان رہا۔ پورے مہینے میں انڈیکس آدھا فیصد بڑھا ہے۔
اگست کے آخری کاروباری دن میں ہنڈریڈ انڈیکس 720 پوائنٹس کم ہو کر ایک لاکھ 76 ہزار 975 پوائنٹس پر بند ہوا۔ البتہ پورے مہینے میں انڈیکس 881 پوائنٹس بڑھا ہے۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق ایران امریکہ جنگ کی بےیقینی کے سبب انڈیکس کی پورے مہینے کی چال سوا چھ ہزار پوائنٹس کی رہی۔
اگست کے پہلے عشرے میں جنگ بندی کے امکان پر انڈیکس ایک لاکھ 82 ہزار 347 کی بلند ترین سطح تک گیا لیکن جنگ بند نہ ہونے پر باقی دو عشرے انڈیکس واپسی کی راہ پر رہا۔
اگست میں بازار میں 15 ارب شیئرز کے سودے 708 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن مہینہ بھر میں 74 ارب روپے بڑھ کر 19 ہزار 830 ارب روپے ہوگئی ہے۔