پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سرکاری دورہ ترکیہ میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔
فیلڈ مارشل کی ترکیہ کے وزیر خارجہ، وزیر قومی دفاع، ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی، دو طرفہ دفاعی تعاون، خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب شریک ہوئے، تینوں ممالک نے اسٹریٹجک رابطہ کاری، دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
ملاقاتوں میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک و دفاعی تعاون کی عکاسی ہوئی۔