ملک بھر سے مسلم مذہبی رہنما اور آئمہ کرام کنگ ہیرالڈ کی وفات پر اظہارِ تعزیت کے لیے پھول لے کر شاہی محل کے سامنے جمع ہوئے۔
صاحبزادہ محمد معصوم زبیر نے مقامی میڈیا سے براہِ راست گفتگو میں تمام علمائے کرام اور مسلمانوں کی جانب سے شاہی خاندان اور ناروے کے تمام عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کنگ ہیرالڈ ایک ایسی شخصیت تھے، جنہوں نے قوم کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے مختلف مذہبی، ثقافتی اور سماجی پس منظر رکھنے والے لوگوں کا احترام کیا اور بہت سے لوگوں کو ناروے کے معاشرے میں اپنائیت اور تعلق کا مضبوط احساس دلایا۔
انہوں نے مسلم برادری کی جانب سے اس احترام اور تشکر کا اظہار بھی کیا، جو اس وقت بہت سے لوگوں کے دلوں میں موجود ہے۔
اہلسنت امام کونسل ناروے کے وفد نے پیر سید نعمت علی بخاری شاہ کی قیادت میں کنگ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے گل دستے پیش کیے اور نئے بادشاہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کنگ ہیرالڈ کی آخری رسومات بدھ 9 ستمبر کو ہوں گی، تقریب اوسلو کیتھیڈرل میں دوپہر 1 بجے ہوگی، دنیا بھر سے اہم مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔
آخری رسومات کے جلوس کی قیادت چرچ آف ناروے کے صدر اولاو فیکس ٹیویٹ کریں گے، اوسلو کے بشپ، سنیوا گیلور، کیتھیڈرل کینٹر مارکس آندرے برگ، اوسلو کیتھیڈرل کوئر اور دیگر شرکت کریں گے۔
بادشاہ کا جسد خاکی محل سے اوسلو کیتھیڈرل لے جایا جائے گا، جہاں آخری رسومات کی اصل تقریب ہوگی، جس کے بعد، جلوس کیسل چرچ تک جاری رہے گا، جہاں ایک نجی یادگاری خدمت کا انعقاد کیا جائے گا۔