ارشد وارثی کا ’اقرباء پروری‘ کے مؤقف پر کنگنا رناوت کو جواب

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی نے اداکارہ کنگنا رناوت کے اقرباء پروری (نیپوٹزم) سے متعلق مؤقف پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلمی پس منظر رکھنے والے اداکاروں کے بچوں کے لیے بھی کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا۔

فلم منا بھائی ایم بی بی ایس کے اداکار ارشد وارثی نے فلم انڈسٹری سے متعلق معاملات پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخرکار کسی فنکار کی کامیابی کا اصل پیمانہ اس کی صلاحیت اور ٹیلنٹ ہوتا ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں ارشد وارثی نے کہا کہ کنگنا نے اقرباء پروری کا معاملہ اٹھایا، جس کے بعد اس پر کافی بحث شروع ہوئی، تاہم مجھے اس سے کوئی خاص پریشانی نہیں، آخر کار انسان کتنا آگے جائے گا، اس کا فیصلہ اس کا ٹیلنٹ کرتا ہے۔

ارشد وارثی نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے بھی اپنی الگ شناخت اور راستہ بنائیں، تاہم اسٹار کڈز کے لیے توقعات پر پورا اترنا آسان نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کا تاثر ہوتا ہے کہ چونکہ وہ کسی اداکار کے بچے ہیں، اس لیے انہیں لازماً اچھا اداکار ہونا چاہیے، جبکہ ہر شخص کی اپنی شخصیت اور صلاحیتیں ہوتی ہیں۔

ارشد وارثی کے مطابق اسٹار کڈز سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کی جاتی ہیں اور انہیں کئی لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنا پڑتا ہے، جو ان کے لیے منصفانہ نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلمی پسِ منظر رکھنے والے شخص کے لیے زیادہ سے زیادہ یہ ہو سکتا ہے کہ کامیابی کا ایک دروازہ نسبتاً جلد کھل جائے، لیکن اگر اس میں ٹیلنٹ نہ ہو تو وہ دروازہ بھی جلد بند ہو جاتا ہے۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوت نے فلم ساز کرن جوہر کے شو کافی ود کرن میں شرکت کے دوران کرن جوہر کو اقربا پروری کا علم بردار قرار دے کر بالی ووڈ میں اقرباء پروری (nepotism) کی اصطلاح کو متعارف کروایا تھا۔