تہران کا خلیجی ممالک کو نشانہ بنانا مجھے بہت اچھی بات لگی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ—فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میڈیا فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر نے ایرانی جوہری ہتھیار سے متعلق اپنے مؤقف کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے اور ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو گا۔

انہوں نے ایرانی قیادت کو انتہائی پُرتشدد اور برے لوگ قرار دے دیا۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا تو وہ اسے استعمال کرتا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار استعمال کرتا تو اب تک مشرقِ وسطیٰ تقریباً ختم ہو چکا ہوتا اور اسرائیل تباہ ہو جاتا، جبکہ اس کے بعد امریکا یا یورپ بھی ممکنہ طور پر نشانے پر ہوتے۔

ایران کو ناکام ہوتی ہوئی ریاست قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ جنگ کے آغاز میں جب تہران نے خلیجی ممالک کو نشانہ بنانا شروع کیا تو سب حیران تھے، میں بھی حیران رہ گیا تھا۔

ٹرمپ کے مطابق میں نے اسے ایک بہت اچھی بات سمجھا کیونکہ اس کے نتیجے میں ایران کی وہ تمام حمایت ختم ہو گئی جو اسے حاصل تھی۔