متحدہ عرب امارات کا ایرانی ڈرون روکنے کا دعویٰ

—فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات نے ایرانی سمت سے آنے والے ڈرون کو روکنے کا دعویٰ کر دیا۔

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کا سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہنا ہے کہ یو اے ای کی فضائیہ نے ایران کی جانب سے اماراتی حدود کی طرف آنے والے ایک ڈرون کے خلاف کارروائی کی ہے۔

اماراتی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ مسلح افواج ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں، جبکہ فضائی دفاعی نظام 24 گھنٹے ملک کی فضائی حدود کی نگرانی اور حفاظت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی جزیرہ لارک پر امریکی حملے کے جواب میں ایران نے اردن کے بعد متحدہ عرب امارات میں بھی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے المنہاد ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی اہلکاروں اور ہیلی کاپٹروں کو ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی فوج نے کہا ہے کہ یہ حملہ جزیرہ لارک پر پاسدارانِ انقلاب کے اہلکاروں اور ایرانی شہریوں کی شہادت کے جواب میں کیا گیا۔