ٹرمپ کی ایرانی جزیرۂ خارک کی مکمل تباہی کی اے آئی ویڈیو میں کیا ہے؟

— اسکرین گریب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے اہم جزیرے خارک پر تباہ کُن حملے کی اے آئی ویڈیو شیئر کر دی۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹروتھ سوشل پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ایران کے اہم تیل کے برآمدی مرکز جزیرۂ خارک پر تباہ کن حملہ دکھایا گیا ہے۔

فضائی منظر سے بنائی گئی اس ویڈیو میں تیل ذخیرہ کرنے والے ایک ٹینک اور ایک آئل ٹینکر کو دھماکوں سے تباہ ہوتے دکھایا گیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ اس ویڈیو میں کسی حقیقی فوجی کارروائی کی منظر کشی کی گئی ہے یا نہیں، تاہم ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ جزیرۂ خارک کو مکمل طور پر تباہ کیا جا رہا ہے، صدر ڈی جے ٹی۔

خلیجِ فارس میں واقع جزیرۂ خارک ایران کے تیل برآمدی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ ہے اور طویل عرصے سے ملک کی خام تیل کی ترسیل کا ایک بڑا مرکز رہا ہے۔

اس اسٹریٹجک اہمیت کے باعث جاری تنازع کے دوران یہ جزیرہ امریکی دھمکیوں کا بارہا مرکز بنتا رہا ہے۔

ٹرمپ اس سے قبل بھی جزیرۂ خارک پر قبضہ کرنے یا اسے تباہ کرنے کی دھمکیاں دے چکے ہیں، جن میں ایران کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے والی سابقہ امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران دی گئی دھمکیاں بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر تہران پر دباؤ بڑھانے کے لیے خارک پر حملوں کو بھی ایک ذریعے کے طور پر استعمال کیا ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے لیے ایک انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے۔