بالی ووڈ فلم ’ریس ری بوٹ‘ کیلئے اداکاروں کے نام سامنے آنے لگے

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان، سدھارتھ ملہوترا اور ٹائیگر شروف ایکشن تھرلر فلم ’ریس ری بوٹ‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

رپورٹس کے مطابق عامر خان کو مقبول ایکشن تھرلر فرنچائز ’ریس‘ کے ری بوٹ کے لیے کاسٹ میں شامل کرنے پر کام جاری ہے۔

’ریس‘ کی ابتدائی دو فلموں میں سیف علی خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ تیسری فلم میں سلمان خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

بھارتی میڈیا کے ذرائع کے مطابق سدھارتھ ملہوترا کا نام کافی عرصے سے اس منصوبے سے جوڑا جا رہا تھا، جبکہ ٹائیگر شروف کے بھی حال ہی میں فلم کا حصہ بننے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عامر خان نے فلم کا اسکرپٹ پسند کیا ہے اور وہ اس کی تحریری تیاری کے عمل میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق عامر خان اسکرپٹ کو مزید بہتر بنانے کے لیے مصنفین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ فلم ’ریس‘ فرنچائز کو ایک نیا انداز دیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کو بھارت میں پہلے بننے والی فلموں سے مختلف انداز کا تھرلر بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، جس میں ایک مضبوط کاسٹ شامل ہوگی، تاہم حتمی کاسٹنگ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

’ریس ری بوٹ‘ کی ہدایت کاری وجے کرشنا آچاریہ سے متعلق بتائی جارہی ہے، جنہوں نے اس سے قبل عامر خان کے ساتھ ’دھوم 3‘ اور ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں کام کیا ہے۔

فلم کی پروڈکشن کمپنی ٹپس فلمز کے رمیش تورانی نے مبینہ طور پر فلم کی پری پروڈکشن کا کام بھی شروع کردیا ہے، اگر عامر خان فلم کا حصہ بنتے ہیں تو وجے کرشنا آچاریہ کے ساتھ ان کی یہ تیسری ایکشن تھرلر فلم ہوگی۔